
تہران: ایران نے کہاہےکہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے حالیہ دفاعی معاہدے سے ایران کو کوئی خطرہ نہیں۔ یہ معاہدہ خطے میں امریکا کے بارے میں بدلتے ہوئے تاثر کی علامت ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا کہ خطے کے ممالک اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ سکیورٹی ایسی شے نہیں جسے غلط دلالوں سے خریدا جاسکے۔ ترجمان نے کہا کہ تہران کے پاس اس خدشے کی کوئی وجہ نہیں کہ تینوں ممالک کا دفاعی معاہدہ ایران کے خلاف ہے۔ خطے کی جغرافیائی اور تاریخی حقیقتوں پر مبنی کوئی بھی جامع اور سب کو شامل کرنے والا منصوبہ سلامتی کے استحکام میں مدد دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے معاہدے میں دشمن اور خطرے کی درست نشاندہی ضروری ہے تاکہ خطے میں عدم استحکام اور بدامنی کو روکا جاسکے۔


































