
اسلام آباد : ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام عشق پیغمبر اعظم مرکز وحدت مسلمین کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے قائدین و علمائے کرام نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ عشق پیغمبر اعظم حضرت محمد مصطفیٰ خاتم النبین صلی اللہ علیہ و ا ٓلہ وسلم امت مسلمہ میں اللہ کی رسی کی مانند مرکزیت رکھتا ہے اور اس کو مضبوطی سے تھامے رکھنا ہی امت اسلامیہ کی کشتی کی نجات کا ضامن ہے۔ کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رسول اکرم(ص) کی مقدس ہستی کو نشانہ بنانا دراصل اِسی مرکزیت کو توڑنے کی سازش ہے لیکن انشاءاللہ اس اساس اور بنیاد پر مسلمین کی وحدت عالمی استعمار کے تمام خوابوں کو چکنا چور کر دے گی اور اغیار کے تقسیم کے ایجنڈے کو ناکام بنائے گی۔ اس سے پہلے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی میزبانی میں پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر اسلام آباد میں کانفرنس سے مذہبی و سیاسی جماعتوں کے مرکزی قائدین اور علماءکرام ومشائخ عظام سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شخصیات نے شرکت کی۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ عالم اسلام عالمی استکبار کی سازشوں کا شکار ہے کشمیر و فلسطین اپنے حقوق سے محروم ہے عشق پیغمبر اکرم(ص) کانفرنس کا پیغام وحدت امت ہے۔ سابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا کہ علما کا فرض ہے کہ گھر گھر وحدت و یگانگت کا پیغام پہنچائیں اس وقت ملک کو بےشمار چینلجز کا سامنا ہے۔انہوں نے ایم ڈبلیو ایم اور ملی یکجہتی کونسل کو تمام مکاتب فکر کو ایک چھت کے نیچے اکٹھے کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔ سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پاکستان میں کئی مسالک موجود ہیں اور ہمیں ایک دوسرے کو احترام کے ساتھ قبول کرنا چاہیے علمی، فقہی اختلاف موجود ہے لیکن ان کو خواص تک ہی رہنے دیں، عوام تک لے کر جائیں گے تو مسائل بڑھیں گے۔ جمعیت علمائے اسلام شیرانی گروپ کے رہنما سینٹر گل نصیب خان نے کہاکہ امت کے اتحاد کے لئے اچھی تقاریر سے مسئلہ حل نہیں ہوگا ہمیں اگر امن سے رہنا ہے تو ایک دوسرے مسالک کے جذبات اور عقائد کا احترام کریں۔ وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نےکہاکہ دشمن کاڈٹ کرمقابلہ کرناچاہیے لیکن افسوس کے ساتھ ہمارے حکمران امریکا کے ساتھ تعلقات کے خواہاں ہیں۔ ملی یکجہتی کونسل کے سیکریٹری جنرل ثاقب اکبر نے کہا کہ عدل و انصاف کی حکومت کے قیام کے لئے سب سے پہلے مسلمانوں کے درمیان وحدت ضروری ہے۔ جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار نعیمی نے کہا کہ رسول اللہ کا حکم ہے کہ کسی طاغوت کے سامنے نہیں جھکنا انسانیت کو اگر خطرہ ہے تو وہ امریکا سے ہے۔متحدہ جمعیت اہلحدیث کے رہنما ڈاکٹرعبدالمالک مجاہد نے کہا کہ آج وحدت امت کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے آج امت ٹکڑوں میں بٹ چکی ہے اور ہر جگہ مار کھا رہی ہے ہمیں اسلام کے مشترکات کو فروغ دینا ہو گا۔


































