
ریاض : روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ ایک بڑی علاقائی جنگ کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ روس خلیج تعاون کونسل کے اسٹریٹجک ڈائیلاگ سیشن کے دوران سرگئی لاروف نے کہا کہ غزہ میں لڑائی روکنے میں عالمی برادری کی ناکامی اور اس کے باشندوں کی بڑے پیمانے پر ہلاکتوں نے فوجی اور سیاسی صورتحال میں تیزی سے بگاڑ پیدا کیا جس کے بعد پورا خطہ جنگ کے دھانے پر کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ اسرائیل کی سرحدوں سے نکل کر بحیرہ احمر تک پھیل چکی ہے۔ اسرائیل اور لبنان کے درمیان محاذ آرائی ایک نئی خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے۔ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم اسے ہونے سے روکیں. ہم حالات کو معمول پر لانے کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔


































