
بیروت : حماس نے حزب اللہ کے نام تعزیتی پیغام میں سید حسن نصر اللہ کی اہلیان غزہ کی حمایت کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ حماس کی جانب سے جاری بیان میں حسن نصر اللہ کی شہادت پر تعزیت پیش کی گئی ہے۔ حماس نے کہا ہے کہ حسن نصر اللہ ایک جرآت مند اور بہادر رہنما اور مزاحمت کے سرپرست تھے۔ الاقصیٰ طوفان اور یروشلم کے راستے پر دشمن کیخلاف ان کی بہادرانہ مزاحمت بے مثال ہے۔
تحریک جہاد اسلامی نے بھی حزب اللہ کے سربراہ کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں کہا ہے کہ سید حسن نصراللہ کی شہادت عالم اسلام کے لئے بڑا نقصان ہے۔ ہزاروں مجاہدین اس راستے میں تربیت حاصل کرنے کے بعد ان کا راستہ جاری رکھیں گے۔ تنظیم نے مزید کہا ہے کہ سید حسن نصراللہ کی شہادت سے لبنان، فلسطین اور خطے میں مقاومت مزید مضبوط اور طاقتور ہوگی۔
یمن کی مرکزی سیاسی کونسل نے سید حسن نصراللہ کی شہادت پر ردعمل میں کہا ہے کہ مقاومت کی فتح اور صیہونیوں کی شکست یقینی ہے۔ سید حسن نصراللہ کی شہادت سے مقاومت کے عزم اور ارادے میں مزید استحکام آئے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ شہید سید حسن نصراللہ کا راستہ جاری ہے گا اور بیت المقدس آزاد ہوکر رہے گا۔


































