
راولپنڈی : ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ علامہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے وفد کے ہمراہ اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور موجودہ صورتحال میں دینی قوتوں کے متحرک کردار کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ علامہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابولخیر محمد زبیر نے دینی قوتوں کے حقیقی اور اہم کردار کو منظر عام پر لانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی تجویز پیش کی، جس کو علامہ سید ساجد علی نقوی نے اہم قرار دیتے اس تجویز کے تمام پہلووں پر غور کرکے معاملات کو آگے بڑھانے کی یقین دھانی کرائی۔ دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی، اقصادی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال کو مخدوش قرار دیتے ہوئے وطن عزیز پاکستان کو مشکلات کے گرداب سے نکالنے کے لیے دینی قوتوں کی جانب سے عوام کی عملاً رہنمائی کرنے پر بھی اتفاق کیا۔


































