
لاہور: مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت اور کارکنان عمران خان کی گرفتاری کے آپریشن کے دوران لاہور کے زمان پارک میں موجود رہی۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی منگل کی رات مرکزی رہنماؤں اور وحدت یوتھ کے کارکنان کے ہمراہ زمان پارک پہنچے اور شدید شیلنگ کے باجود پوری رات وہاں موجود رہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان حقیقی آزادی اور پاکستان کی خود مختاری کی جدو جہد میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ غیر ملکی ایجنڈے کے خلاف اول روز سے کھڑی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کا کہنا ہے کہ یہ بیانیہ دراصل شہید قائد علامہ عارف الحسینی اور مجلس وحدت مسلمین کا بنیای منشور ہے اور اس جدو جہد میں تمام کارکنان ہر وقت کوشاں ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا ہے کہ ہم حسینی ہیں اور مشکل وقت میں ہمیشہ ساتھ نبھاتے ہیں لہذا مجلس وحدت کی قیادت و کارکنان اس مشکل وقت میں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔


































