
تہران : اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے نے کہاہے کہ ایران کے مذاکرات کار کل ویانا روانہ ہوں گے۔پابندیوں کا خاتمہ ہماری ریڈ لائن ہے۔ واشنگثن کو اس سلسلے میں اہم فیصلہ کرنا ہوگا ۔ ہم مذاکرات کے بارے میں مثبت گفتگو سن رہے ہیں لیکن ہم اسے عملی میدان میں دیکھنا چاہتے ہیں، جس سے ایرانی قوم کو بھی فائدہ پہنچے۔ نیوز بریفنگ سے خطاب میں سعید خطیب زادے نے کہا کہ سامراجی طاقتوں نے 8 سالہ مسلط کردہ جنگ اور اقتصادی دہشت گردی کے ذریعہ انقلاب اسلامی کو ناکام بنانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن ایرانی عوام نے دشمن کی تمام گھناؤنی سازشوں کو ناکام بنادیا۔ ابھی بھی امریکا سمیت بعض طاقتیں ایرانی قوم پر دباؤ ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ انقلاب اسلامی کو ناکام بنانے اور ایرانی قوم پر دباؤ ڈالنے اور خوفزدہ کرنے کی دشمن کی تمام سازشیں ناکام ہوگئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امریکا نے جن پابندیوں کو ہٹایا ہے وہ ٹرمپ کی عائد کردہ تھیں اور ان کا مشترکہ ایٹمی معاہدے کی پابندیوں سے کوئی ربط نہیں۔ امریکا اگر مشترکہ ایٹمی معاہدے کی روشنی میں پابندیوں کو ختم کردیتا ہے تو ویانا میں معاہدہ بہت جلد طے ہوسکتا ہے۔ خطیب زادہ نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میں سب سے پہلے گفتگو کے سلسلے میں عراقی حکومت اور عوام کی علاقائی سطح پر سفارتی کوششوں پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہم بغداد میں گذشتہ مرحلوں کی طرح سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات کو جاری رکھنے کے لئے آمادہ ہیں اور ہم اس سلسلے میں سعودی عرب کے فیصلے کے منتظر ہیں۔


































