
اسلام آباد : سربراہ شیعہ علماء کونسل علامہ سید ساجد علی نقوی نے دختر پیغمبر گرامی زوجہ امیر المومنین علی ابن ابی طالب ؑ مادرحسنین ؑ حضرت فاطمہ زہرا ؑ ، کے یوم ولادت باسعادت کے بابرکت موقع پر اسلامیان عالم کو تبریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ خاتون جنت ؑ کی حیات طیبہ خواتین عالم کیلئے نمونہ عمل ومشعل راہ ہے۔ عورت کی زندگی کا ہر پہلو کا نمونہ جناب سیدہ ؑ کی زندگی میں ہے ، بیٹی ہونے کے ناطے ختمی مرتبت خاتم النبین رسول اعظم(ص) جیسے کائنات کے عظیم ترین والد جیسی ہستی کے ہوتے ہوئے زندگی کی ہر طرح کی مصیبت و زحمت کو برداشت کیا‘ملیکة العرب حضرت خدیجہ الکبری ؑ جیسی والدہ گرامی کے ہوتے ہوئے بھی کبھی راحت و آرام اور زیب و زینت کی زندگی کو پسند نہ فرمایا، علی ابن ابی طالب ؑ جیسے شجاع و سخی شوہر کے ہوتے ہوئے اطاعت و تابعداری و خدمت کو شعار بنایا اور کوئی فرمائش نہ کی اور اسی طرح جوانان جنت کے سردار فرزندان کے ہوتے ہوئے فاقوں کی زندگی کو ترجیح دی۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ صدیقہ طاہرہ اور بتول جیسے القابات کی حامل بی بی نے اطاعت خداوندی، تربیت، عبادت و ریاضت عصمت و طہارت عفت و پاکدامنی پردہ و حیا اولاد علم و کمال اعلیٰ تہذیب و اخلاقی اقداراور قناعت پسندی کے ذریعے مثالی اسلامی معاشرے کو بنیادیں فراہم کیں۔اس کی ایک روشن مثال وہ واقعہ ہے جب رسول خدا(ص) کے نابینا صحابی ابن مکتوم سے بھی جب جناب سیدہ ؑ نے پردہ فرمایا تو کچھ خواتین نے استفسار کیا کہ وہ تو نابینا ہیں مگر جواب میں بی بی نے فرمایا کہ وہ تو نابینا ہیں مگر ہم تو نہیں۔


































