
پشاور : خیبرپختونخواہ حکومت نے درسی کتب میں اہل بیت اطہار خصوصاً محسن اسلام حضرت ابوطالب علیہ السلام کی شان میں توہین آمیز الفاظ کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی تصیح کا حکم جاری کردیا۔ ایم ڈبلیوایم کے رہنما اور صوبائی نائب صدر مجلس علمائے شیعہ خیبرپختونخواہ علامہ سید عبد الحسین الحسینی کے صوبائی حکومت سے مستقل رابطوں اور متوجہ کرنے کی نتیجے میں خیبر پختونخواہ ٹیکسٹ بک بورڈ کو غلطی کا احساس ہوگیا۔ بورڈ نے تمام متعلقہ اداروں اور حکام کو نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے کہ چوتھی، ساتویں اور آٹھویں جماعت کی اسلامیات کی شائع شدہ کتب میں بعض جملوں کی تصیح کرکے درست انداز میں لکھا اور پڑھا جائے۔ بورڈ کی اس دانستہ یا غیر دانستہ غلطی کے سبب 8 کروڑ شیعیان حیدرکرارؑ کے مذہبی جذبات کو بری طرح ٹھیس پہنچی تھی اور اس بابت مختلف شیعہ علماء اور تنظیمات نے اس کے خلاف آواز اٹھائی۔ قبل ازیں سربراہ ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات میں اس معاملہ کو اٹھایا تھا اور اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔


































