
غزہ : اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے شہر دیرالبلاح میں زمینی آپریشن تیز کردیا ہے۔ صیہونی فوج نے انخلا کا حکم دینے کے بعد خان یونس میں حملے بڑھادیئے۔ دیرالبلاح اور وسطیٰ غزہ میں رات سے جاری حملوں میں اٹھائیس فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوجیوں نے ایک صحافی کو بھی گولی ماردی۔ اسرائیلی فوج نے خان یونس میں بھی کئی علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے دعوؤں کو القسام بریگیڈ نے مسترد کردیا ہے۔ القسام بریگیڈ کے مطابق خان یونس، دیرالبلاح اور رفح میں اسرائیلی فوج کے کئی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں. القسام بریگیڈ نے اسرائیلی فوج کے اس دعوے کو بھی مسترد کردیا ہے کہ اس نے غزہ میں حماس کے فوجی یونٹس کو ستر فیصد تباہ کردیا ہے۔


































