
اسلام آباد : حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان پر حملہ کی ذمہ داری مذہبی انتہا پسندوں پر ڈالنے کا منصوبہ بنالیا۔ وزیرداخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ قاتلانہ حملے کی وجہ مذہبی انتہا پسندی ہے گرفتار ملزم جو الزام لگا رہا ہے وہ انتہائی خوفناک اور تشویشناک ہے۔ ہم عمران خان کو سیاسی مخالف سمجھتے ہیں، دشمن نہیں، بطور وزیر داخلہ پی ٹی آئی قیادت اور خان صاحب سے کہنا چاہتا ہوں کہ اپنے رویے کو بدلیں۔ وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ ابتدائی تحقیقات میں نظر آ رہا ہے کہ واقعے کے پیچھے مذہبی جنون کار فرما ہے، پی ٹی آئی حملے کو سیاسی رنگ دے رہی ہے، واقعے کو سیاست کی نذر کیا گیا تو تحقیقات متاثر ہوں گی۔ ادھر گرفتار ملزم نوید مہر نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ سعودی عرب میں مقیم تھا، وہاں سے کچھ عرصہ قبل واپس پاکستان آیا ہے۔


































