
اسلام آباد : حکومت کو روس سے خام تیل خریدنے کا خیال آہی گیا۔ روس سے خام تیل کی درآمد کے لیے وزارت توانائی کے پیٹرولیم ڈویژن نے آئل ریفائنریز سے تجاویز طلب کرلیں۔ روس سے خام تیل کی درآمد سے متعلق ڈی جی آئل کی جانب سے پاک عرب ریفائنری، نیشنل ریفائنری، بائیکو اور پاکستان ریفائنری کو خطوط لکھےگئے ہیں۔ خطوط کے مندرجات کے مطابق ریفائنریوں سے پوچھا گیا ہےکہ کس گریڈ کا کتنا روسی خام تیل صاف کیا جاسکتا ہے؟یہ تجاویز بھی مانگی گئی ہیں کہ روس سے خام تیل کی ادائیگی کا طریقہ کیا ہوگا، تیل درآمد کے ٹرانسپورٹیشن اخراجات کیا ہوں گے؟۔ریفائنریوں سےکہا گیا ہےکہ مشرق وسطیٰ کے مقابلے میں روسی خام تیل کے اخراجات کا موازنہ بھی پیش کیا جائے۔ خطوط میں خلیجی ممالک سے خام تیل درآمد کے موجودہ لمبی مدت کے معاہدوں کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔


































