
تہران: ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ایران کی مسلح افواج خلیجی خطے میں ان مقامات کو نشانہ بنا رہی ہیں جنہیں امریکا جہاز رانی پر حملوں اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کے لیے استعمال کرتا ہے۔ ان کے بقول یہ کارروائیاں جائز حق دفاعِ کے تحت کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کانگریس کی ایک کھلی سماعت میں اعتراف کیا کہ متحدہ عرب امارات اور کویت نے ایران کے خلاف جنگ میں واشنگٹن کے ساتھ وسیع تعاون کیا۔ عباس عراقچی کے مطابق جن مقامات کو امریکا شہری جہازرانی پر حملوں اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کے لیے استعمال کرتا ہے، انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی جارحانہ اقدام کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ ایرانی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ پابندیوں اور جنگ کے ذریعے جو مقاصد حاصل نہیں کیے جا سکے، وہ مزید جنگ کے ذریعے بھی حاصل نہیں ہوں گے۔ ان کے مطابق ایران اپنی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔


































