
رام اللہ : فلسطینی انتظامیہ نے مغربی کنارے سے بدو برادری کی جبری بیدخلی کو نسلی تطہیر قرار دیا ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے مسافر یطہ اور وادی اردن میں بدو برادری کی جبری نقل مکانی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔وزارت کارجہ نے ایک بیان میں کہاکہ کمیونٹیز کے خلاف صیہونی آباد کاروں کے حملے فوجی تحفظ اور وزیر خزانہ بیزلیل اسموٹریچ اور قومی سلامتی کے وزیر اتمار بین گویر کی براہ راست نگرانی میں کئے جارہے ہیں۔ وزارت نے بتایا کہ فلسطینی بدو خاندان کی تازہ ترین نقل مکانی شمالی وادی اردن کے علاقے ام الجمال سے ہوئی ہے۔جس سے جبری بیدخل خاندانوں کی تعداد چالیس ہوگئی ہے۔ وزارت نے اس بات پر زوردیا کہ بین الاقوامی پابندیوں میں صرف انتہا پسند آباد کار اور ان کی مسلح ملیشیا ہی نہیں اسرائیلی وزراء اور اہلکاروں کو بھی شامل کیا جائے جو جبری بیدخلی کو تحفظ، مدد، فنڈنگ اور پشت پناہی فراہم کرتے ہیں۔


































