
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ دشمن ایرانیوں کو پر امن ایٹمی توانائی سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنارہا ہے اور نہ ہی وہ کبھی جوہری ہتھیاروں کا خواہاں رہا ہے۔ مشرقی صوبے آذربائیجان کے ہزاروں افراد سے ویڈیو لنک پر خطاب میں ولی امر المسلمین نے کہا کہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ دشمن کا محاذ ہماری ایٹمی توانائی کے معاملے پر کس قدر جابرانہ انداز میں توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ وہ جوہری توانائی کی وجہ سے پابندیاں لگاتے ہیں حالانکہ وہ جانتے ہیں کہ یہ پروگرام پرامن ہے۔ ان کا یہ دعویٰ کہ ایران ایٹم بم بنانے سے ایک خاص وقت کے فاصلے پر ہے قطعی بے معنی ہے۔ ہم پرامن طریقوں سے جوہری توانائی سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ وہ یہ جانتے ہیں لیکن وہ نہیں چاہتے کہ ایرانی قوم ایسی شاندار سائنسی ترقی حاصل کرے اور اسی لیے وہ ہم پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو فوری طور پر جوہری توانائی کی ضرورت ہے اگر آج کوئی قدم نہ اٹھایا گیا تو ایران 20 سال پیچھے چلاجائے گا۔


































