
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہاہے کہ الاقصیٰ طوفان کو روکا نہیں جا سکتا۔ اسرائیل کے غاصبانہ وجود کا خاتمہ مقدر ہے۔ سوشل میڈیا پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ اسرائیلی حکومت مغربی ایشیا کے خطے سے نابود ہونے والی ہے۔ علاقائی مزاحمتی تحریکوں کی اسرائیل مخالف کارروائیوں کو روکا نہیں جا سکتا۔
یوم بحریہ کی مناسبت سے کمانڈروں اور اہلکاروں سے ملاقات میں ولی امرمسلمین نے کہا کہ ایران کی جنگی تیاری دشمن پر ہبیت طاری کررہی ہے۔ غاصب صیہونی ریاست فلسطین اور لبنان میں نہتے شہریوں کے قتل کو اپنی فتح سمجھتی ہے۔ لیکن یہ اسرائیل اور اس کی احمق حکومت کی بدترین شکست ہے۔ انہوں نے کہاکہ مزاحمتی محاذ مضبوط سے مضبوط تر ہورہا ہے۔ اور شہدا کے مقدس لہو سے صیہونی ریاست کی دائمی شکست کا فیصلہ لکھا جاچکا ہے۔ آپ نے جنگی تیاری میں اضافے کو دشمن کے حملے کے سد باب کا سبب بتایا اور کہا کہ مسلح فورسز کا سب سے اہم کام حملے کی روک تھام کرنا ہے۔


































