
اسلام آباد: ملک میں سیاسی بحران ختم کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی قیادت میں انتخابات کی تاریخ کے لیے آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ کانفرنس جماعت اسلامی کی قیادت میں ہوگی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق اب تک شہباز شریف اور عمران خان سے الگ الگ ملاقات کرکے ابتدائی بات چیت کر چکے ہیں۔ آل پارٹیز کانفرنس کا ون پوائنٹ ایجنڈا عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق رائے ہوگا۔جماعت اسلامی کی جانب سے عمران خان اور شہباز شریف کو بلانے کے لیے رابطے شروع کردیے گئے ہیں۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ حکومت اور اپوزیشن الیکشن کے بارے میں ایک تاریخ پر اتفاق کریں، حکومت کو اکتوبر سے قبل جبکہ تحریک انصاف کو مئی کے بعد الیکشن کے لیے رضامند کرنے کی کوشش کی جائےگی۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق کو جماعت اسلامی سے معاملات آگے بڑھانے کے لیے گرین سگنل دے دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے نامزد وفود سے جماعت اسلامی کی قیادت کے اے پی سی سے پہلے مزید مذاکرات ہوں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایات پر جماعت اسلامی سے بات چیت کے لیے پی ٹی آئی نے تین رکنی کمیٹی قائم کردی۔ مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے کمیٹی کی تشکیل کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک، سینیٹر اعجاز احمد چودھری اور میاں محمود الرشید کمیٹی میں شامل ہیں۔ تحریک انصاف کی تین رکنی کمیٹی ملک میں جاری سیاسی بحران کے حوالے سے جماعتِ اسلامی پاکستان سے مذاکرات کرے گی۔ گزشتہ روز امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی حکومت اور اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں دونوں فریقین نے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ انہوں ںے وزیراعظم شہباز شریف اور عمران خان سے ملاقات کرکے پی ٹی آئی چیئرمین کو حکومت سے مذاکرات کی تجویز دی تھی۔


































