
غزہ: صیہونی فوج نے رفح کیمپ پر قیامت برپا کردی۔ خوفناک بمباری سے کیمپ میں آگ بھڑک اٹھی اور ستر سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ تازہ بمباری سے مزید درجنوں افراد زخمی ہیں۔ شہید ہونے والے ستر افراد میں بیشتر آگ سے جھلسنے کے نتیجے میں جان سے گئے جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ آگ میں جھلسنے کے باعث کئی افراد کی حالت نازک ہے، شہداء کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔
اس کیمپ میں پناہ گزینوں کی بڑی تعداد ٹہری ہوئی تھی۔ دوسری جانب اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حماس کے کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا جہاں مزاحمت کار ٹہرے ہوئے تھے۔ حملے میں حماس کے دو اہم رہنما بھی مارے گئے۔ حماس کی جانب سے حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ حماس کی رفح کیمپ پر وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ یہ حملے عالمی عدالت انصاف کے رفح آپریشن روکنے کے حکم کی مکمل خلاف ورزی ہیں۔مظلومین کو مارا جارہا ہے اور دنیا تماشہ دیکھ رہی ہے۔


































