
لندن: برطانیہ کے نئے وزیرخارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا ہے کہ ان کا ملک مشرق وسطیٰ میں جنگ کے حوالے سے متوازن موقف اختیار کرنا چاہتا ہے۔ برلن کے دورے پر نیوز ایجنسی رائیٹرز کو انٹرویو میں ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ ہم نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ہم جنگ بندی دیکھنا چاہتے ہیں اور ہم حماس کی قید میں موجود یرغمالیوں کی رہائی چاہتے ہیں۔ ڈیوڈ لیمی نے زور دے کر کہا کہ غزہ میں لڑائی بند ہونی چاہیے اور امداد داخل ہونی چاہیے۔ برطانیہ جنگ بندی اور حماس کے یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے سفارتی کوششیں بروئے کار لائے گا۔ لیمی نے کہا کہ برطانیہ کلیدی تعلقات کے علاوہ یورپی طاقتوں اور ابھرتی ہوئی طاقتوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر کرے گا۔ اس کے ساتھ موسمیاتی بحران سمیت بعض مسائل پر اپنی عالمی پوزیشن کو دوبارہ ترتیب دینے کی کوشش کرے گا۔


































