
کابل : ایران اور افغانستان کی شیعہ علماء کونسل نے افغانستان میں حالیہ دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکوں کا مقصد افغانستان کے عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنا ہے۔ شیعہ علماء کونسل نے اپنے بیان میں سیکیورٹی اداروں سے امن و امان کی برقراری کا مطالبہ کیا۔ اور کہا کہ حیوان صفت دہشت گرد اپنے اس قسم کی گھناونی سازشوں سے امت مسلمہ کے مابین اختلافات پیدا کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ ادھر ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے افغانستان کے شہر ہرات کے علاقے جبریل المہدی میں اجتماع پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ایک بار پھر امت مسئلہ کے درمیان انتشار پھیلانے والوں کی سازشوں کی بابت خبر دار کیا۔ سعید خطیب زادہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کوامید ہے کہ افغان مسلمان بھائی اور بہنیں ہمدردی، یکجہتی اور تعاون کے ساتھ اپنے دشمنوں کی تفرقہ انگیز سازشوں کو ناکام بنائیں گے ۔ جمعہ کو ہرات کے علاقے جبرییل المہدی میں داعش کے حملے میں 4 افراد شہید اور 25 زخمی ہوئے تھے۔


































