
غزہ :غزہ میں صیہونی فوج کی بربریت جاری ہے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے رفح میں بمباری کی۔ نصیرات کیمپ میں گھر کو نشانہ بنایا۔ البریچ کیمپ پر بھی حملہ کیا۔ صیہونی حملوں میں دس فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ چوبیس گھنٹوں میں چالیس سے زائد فلسطینی شہید ہوئے۔ فضائی اور زمینی حملوں میں شہداء کی تعداد چھتیس ہزار چار سو چالیس ہوگئی۔
صیہونی فوج نے شمالی غزہ میں پچاس ہزار سے زائد مکانات اور رہائشی عمارتیں تباہ کردیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے جبالیہ کے علاقے سے ملبے تلے دبی مزید پچاس لاشیں نکال لیں۔ دوسری جانب حماس اور مزاحمتی فلسطینی تنظیموں کی چھاپہ مار کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ اسرائیلی فوج نے جمعرات سے اب تک چھیالیس سے زائد اسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ جن میں چھ کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
لاکھوں بے گھر فلسطینیوں کو پانی، خوراک اور دوائوں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کی جانب سے امدادی ٹرک غزہ آرہے ہیں مگر ان کی تعداد کافی کم ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے ہولناک انکشاف کیا ہے کہ رفح میں اب طبی سہولتیں نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارے انروا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ غزہ کی صورتحال ہزاروں فلسطینی خواتین کی صحت کو متاثر کررہی ہے۔


































