
رام اللہ : صیہونی فوج نے مغربی کنارے میں قلقیلیہ۔ نابلوس پر دھاوا بول دیا۔ چار فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوئے۔ صیہونی فوج بکتر بند گاڑیوں اور بلڈوزروں کے ساتھ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں گھس گئی۔ فوجیوں نے توڑ پھوڑ کی اور گھروں میں گھسنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر قلقیلیہ شہر میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ فلسطینی نوجوانوں نے قابض فوج پر پتھراؤ کیا جبکہ دونوں جانب سے فائرنگ کا بھی تبادلہ ہوا۔ گولیاں لگنے سے کئی افرا دزخمی ہوگئے۔ چار زخمی اسپتال میں دم توڑ گئے۔ ہنگامہ آرائی میں کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔ شدید مزاحمت کے باعث صیہونی فوج قلقیلیہ سے پیچھے ہٹ گئی۔


































