
Karachi: A large number of mourners in Chehlam procession of Hazrat Imam Hussain (R A) are offering prayer at MA Jinnah Road. NNI, September 17, 2022
کراچی : نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کے چہلم پر ملک بھر کی سوگوار رہی۔ شہر شہر جلوس نکالے گئے اور مجالس عزا برپا ہوئیں۔رواں سال بھی لوگوں کی بہت بڑی تعداد پیدل جلوسوں میں پہنچی۔ کراچی کے نشتر پارک میں مجلس عزا کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا، امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر ختم ہوگیا۔ مجلس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔ عزادار سارے راستے ماتم داری کرتے رہے۔ عزاداروں کیلئے جگہ جگہ نذر ونیاز کا اہتمام کیا گیا اور پانی وشربت کی سبیلیں لگائی گئیں۔ ہزاروں افراد شہر کے مختلف مقامات سے مشی کرتے ہوئے نشترپارک پہنچے۔ لاہور میں چہلم حضرت امام حسین کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہوا۔جلوس کشمیری بازار، چوک رنگ محل سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوا۔کوئٹہ میں دو جلوس برآمد ہوئے، شہدا چوک علمدار روڈ سے برآمد کیا گیاجلوس مری آباد میں بہشت زینب قبرستان جبکہ ہزارہ ٹاؤن سے نکالا گیاجلوس ہزارہ قبرستان پہنچ کر ختم ہوا۔راولپنڈی۔ پشاور سمیت مختلف شہروں میں بھی مجالس برپا کی گئیں اور جلوس نکالے گئے۔


































