
نیویارک: عرب لیگ نے غزہ جنگ کے خاتمے اور فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کردیا۔ اقوام متحدہ کی سمٹ آف فیوچر سے خطاب میں عرب لیگ کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل حسام ذکی نے کہا کہ دنیا اب ایک خطرناک دوراہے پر کھڑی ہے۔ عالمی استحکام داؤ پر لگا ہے۔ اقوام متحدہ کو مشرق وسطیٰ کو تباہ کرنے والے تنازعات اور جنگوں کے خاتمے کے لیے اپنی کوششوں میں زیادہ فعال ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کا خاتمہ ہوتا نظر نہیں آ رہا جس سے تنازعات کو ختم کرنے کی دنیا کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے۔ حسام ذکی نے کہا کہ پورے ایک سال سے ہم نے عرب خطے میں اقوام متحدہ کو مفلوج محسوس کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے نظام کو متاثر کرنے والا یہ جمود بہت سے رکن ممالک میں گہری مایوسی کا باعث بنا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر الزام لگایا کہ وہ غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی کارروائیوں کے حوالے سے دُہرا معیار رکھتی ہے۔ غزہ کی صورتحال پر شرمناک خاموشی جبکہ دیگر جگہوں پر تنازعات میں مبتلا اقوام کی بڑے پیمانے پر حمایت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے فلسطین کو مکمل رکن ریاست کے طور پر تسلیم کرنے میں ناکامی پر بھی مایوسی کا اظہار کیا۔


































