
تل ابیب : اسرائیلی وزیر قومی سلامتی ایتمار بن گویر نے لبنان میں غیر قانونی بستیاں بسانے اور غزہ و مقبوضہ مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی بے دخلی کے منصوبوں کا اعلان کر دیا۔
یروشلم میں اسرائیلی قبضے کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب میں ایتمار بن گویر نے کہا کہ اسرائیلی حکومت غزہ اور مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی ہجرت کی حوصلہ افزائی اور لبنان میں آبادکاریاں بسانے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ان تمام افراد کے خاتمے سے نہیں ڈرے گا جو اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔ اسرائیلی وزیر نے فلسطینی قیدیوں پر عائد سخت پابندیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جیلوں میں اب نہ ٹیلی ویژن ہے، نہ ریڈیو، نہ تعلیمی سہولتیں اور نہ ہی دیگر بنیادی مراعات۔ انہوں نے فلسطینی قیدیوں کے خلاف سخت اقدامات اور سزائے موت کے قانون پر بھی فخر کا اظہار کیا۔


































