
کابل: افغان طالبان نے اپنے شہریوں کے بیرون ملک جانے پر پابندی لگادی۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ مزید افغانوں کو اس وقت تک بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی جب تک بیرون ملک میں مقیم افغان شہریوں کے لیے حالات بہتر نہیں ہو جاتے۔ بیرون ملک جانے کے خواہشمند خاندانوں کو ایسا کرنے کے لیے معقول جواز پیش کرنا ہوگا۔ کسی کو بھی بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا وعدہ مسلسل قائم نہیں ہے۔ طالبان کو قطر اور ترکی میں ہزاروں افغانوں کے بہت برے حالات میں رہنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کی حفاظت کرے لہذا اس وقت تک افغان شہریوں کو ملک چھوڑ کر جانے سے روک دیا گیا ہے جب تک ہمیں یہ یقین دہانی نہیں مل جاتی کہ ان کی زندگیاں خطرے میں نہیں ہے۔


































