
اسلام آباد: پاکستانی وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران میں سفارتی تعلقات کا قیام خطے کے لیے بھی مثبت اقدام ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ افغان حکومت نے کچھ شعبوں میں کارکردگی دکھائی ہے تاہم ابھی لمبا سفر طے کرنا باقی ہے۔ پاکستان کی افغانستان سے متعلق پالیسی وہی ہے جو عالمی برادری کی ہے۔افغان حکومت سے درخواست ہے کہ وہ اپنے عوام اور عالمی برادری سے خواتین کی تعلیم، دہشتگردوں کو اپنی سرزمین استعمال نہ کرنے دینے سمیت کیے گئے دیگر وعدوں کو پورا کرے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں فوج کے غیر مقبول ہونے کا موقف عمران خان کے حامیوں کا ہے اور یہ تاثر درست نہیں ہے۔ جہاں تک پاکستانی سیاست میں فوج کے عمل دخل کا تعلق کا ہے تو اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں آدھے عرصے فوجی حکومت رہی ہے۔ میری پارٹی پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر مرتبہ آمریت کو چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مشکل وقت اور سنگین چیلنجز کا سامنا ہے تاہم مجھے یقین ہے پاکستانی عوام اپنے حوصلے اور عزم کے ساتھ ان چیلنجز پر قابو پا لیں گے اور ملک ترقی کرے گا۔


































