
غزہ : حماس نے مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی غاصبوں کے خلاف شہادت پسندانہ کارروائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے صیہونی جارحیت کا فطری جواب قرار دیا ہے۔ فلسطینی شہریوں نے صیہونی آباد کار کو اپنی گاڑی سے ٹکر مار کر زخمی کر دیا تھا۔حماس کے ترجمان خالد الازبط نے کہا ہے کہ فلسطینی بہادر کا جرات مندانہ اقدام غاصب دشمن کی جارحیت کے جواب میں ایک فطری اقدام ہے۔ انھوں نے صیہونی آباد کاروں کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شیخ جراح میں فلسطینی مظلوموں پر غاصب صیہونی آبادکاروں کے اس قسم کے حملے صیہونی غاصبوں کے مقابلے میں فلسطینیوں کے مزید فطری جذبات بھڑک اٹھنے کا باعث بنیں گے۔ حماس نے بیت المقدس اور مقبوضہ فلسطین کے فلسطینیوں سے بھی شیخ جراح کے باشندوں کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کی۔


































