
نیویارک: اقوام متحدہ نے صیہونی فوج کی اسکول پر بمباری میں شہادتوں کو نسل کشی قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی غیر جانبدار انسانی حقوق کی ماہر فرانسسکا البانیز نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں غزہ کو اکیس ویں صدی کا سب سے بڑا اور شرمناک حراستی کیمپ قرار دیا۔ انہوں نے لکھا کہ اسرائیل بیک وقت محلے۔ اسپتال۔ اسکول ۔ پناہ گزین کیمپ یہاں تک کہ اپنے ہی قرار دئے گئے سیف زون پر حملے کرکے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے ۔ انہوں نے اسرائیلی حملوں میں امریکی اور یورپی ہتھیاروں کے استعمال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے غزہ کی صورت حال پر تمام مہذب اقوام کی بے حسی پر مایوسی کا اظہار کیا۔ البانیز نے کہا کہ فلسطینی ہمیں معاف کر دیں کہ ہم مشترکہ طور پر ان کی حفاظت کے لیے موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ اسرائیل نے ہدف بناکر سو سے زیادہ افراد کو ہلاک کیا ہے۔ یہ نسل کشی کا ارتکاب ہے۔


































