
دمشق : شامی فوج نے امریکی و اسرائیلی نواز تکفیری گروہ حیات تحریر الشام اور ترکیہ کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کی حلب میں پیش قدمی روک دی ہے۔
گذشتہ روز دہشت گردوں نے حلب کے زیادہ تر حصے، اطراف کے کئی دیہات اور ہوائی اڈے پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔ جمعرات کو حیات تحریر الشام اور ترکیہ کے حمایت یافتہ جنگجوؤں نےپہلے حلب اور ادلب کے دیہی علاقوں میں دو طرفہ حملہ کیا، دو دن بعد حلب میں داخل ہوگئے۔ شامی فوج کے پیچھے ہٹنے پر انہیں بہت کم مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ہزاروں جنگجوؤں نے شمالی حما کے قصبوں اور دیہات پر بھی قبضہ کر لیا تاہم شامی وزارت دفاع نے یہ دعویٰ مسترد کردیاہے اور کہا ہے کہ شامی فوج حما میں موجود ہے اور جنگجو اطراف کے دیہات میں بھی داخل نہیں ہوئے۔ شامی فوج نے صوبہ حلب میں بڑی کارروائی کرکے دہشت گردانہ کارروائیوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ جنرل کمان نے شام میں روس کے رابطہ مرکز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فوج اور اس کی اتحادی روسی فضائیہ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 300 دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور 600 کو گزشتہ دو دنوں کے دوران ہلاک کیا۔


































