
میونخ : روس کی مدد اور جاسوسی غبارے کے معاملے پر امریکا اور چین میں تناؤ مزید بڑھ گیا ہے، میونخ میں سیکیورٹی کانفرنس کے موقع پر امریکی اور چینی وزرائےخارجہ کی ملاقات ہوئی۔ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے چین کو خبردار کیا ہے کہ اگر یوکرین جنگ میں روس کو مہلک مدد فراہم کی تو سخت نتائج ہوں گے۔ ملاقات کے حوالے سے امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ بلنکن نے چینی ہم منصب پر واضح کیا کہ امریکا کی ون چائنا پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ انہوں نے روس کی مادی مدد اور غبارے کے ذریعے فضائی حدود کی خلاف ورزی سے خبردار کیا۔ انٹونی بلنکن نے ملاقات کے بعد ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکا کو تشویش ہے کہ چین روس کو یوکرین جنگ میں مادی مدد فراہم کر سکتا ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا طاقت کے اندھا دھند استعمال سے خراب ہوئے تعلقات کو پہنچے نقصان کا ازالہ کرے۔ وانگ ای نے بلنکن پر واضح کیا کہ واشنگٹن کو غبارہ واقعے پر اپنا طریقہ بدلنا چاہیے۔


































