
تل ابیب : صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو پر جنگ بندی معاہدے کیلئے دباؤ ڈالنے کی خاطر لاکھوں اسرائیلی سڑکوں پر نکل آئے۔ سات لاکھ سے زائد اسرائیلیوں نے یروشلم، حیفا اور دیگر شہروں میں ریلیاں نکالیں، مارچ اور مظاہرے کئے۔ منتظمین کے مطابق تل ابیب کا مظاہرہ تاریخ میں شرکاء کی تعداد کے لحاظ سے سب سے بڑا مظاہرہ تھا جس میں چار لاکھ سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے نعرے لگائے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت سے حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا فوری معاہدہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ تل ابیب میں مظاہرے کے اختتام پر سینکڑوں شرکاء نے منتشر ہونے سے انکار کر دیا جس کے بعد درجنوں مظاہرین نے سڑکیں بلاک کرنا شروع کر دیں اور کئی شرکاء کو گرفتار کر لیا گیا۔ کچھ مظاہرین نے بنیامین نیتن یاہو کی حکومت کے فوری استعفے اور جلد از جلد اسرائیل میں قبل از وقت انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کیا۔


































