
تل ابیب: اسرائیل میں ہزاروں افراد حکمران اتحاد کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور یرغمالیوں کی رہائی کےلیے معاہدے کا مطالبہ کیا۔ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب سمیت یروشلم، قیصریہ، حیفہ اور تمام بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے حماس سے معاہدے میں ناکامی پر نیتن یاہو حکومت سے مستعفی ہونے اور فوری انتخابات کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے تقریروں کے بعد سڑکیں بلاک کردیں اور سول نافرمانی کی کوششیں دیکھنے میں آئیں۔ انہوں نے تل ابیب کے پیرس اسکوائر پر ڈھول بجاتے ہوئے جنگ بند کرو کے نعرے لگائے۔ وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر پیرس اسکوائر پر ہونے والے احتجاج میں پولیس افسر نے مظاہرین کو غلیظ گالیاں دیں۔ مختلف شہروں میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ سیکورٹی اہلکاروں نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔


































