
تہران : ایران نے سوشل میڈیا پر ایرانی اور اسلامی روایات اور ثقافت کیخلاف مواد کی شئیرنگ پر آسٹریلیا کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے احتجاج کیا۔ ایرانی وزارت خارجہ نے آسٹریلوی سفارت خانے کی جانب سے ایسا مواد شائع کرنے کی سخت مذمت کی جو کہ قبول شدہ اصولوں کے صریح خلاف ہے۔ آسٹریلیا کے لئے ایرانی سفارت کار نے کہا کہ آسٹریلوی سفارت خانے کی طرف سے شائع کردہ مواد توہین آمیز اور ایرانی اور اسلامی روایت، رسم و رواج اور ثقافت کے خلاف ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران اور اسلام مخالف اقدام کو کسی بھی صورت میں نہیں دہرایا جانا چاہیے کیونکہ یہ بین الاقوامی قانون اور ویانا سفارتی کنونشن کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ایرانی فریق نے مزید کہا کہ ایرانی عوام اپنے ملک کے خارجہ تعلقات میں اس طرح کے غیر معمولی طرز عمل کے بارے میں حساس ہیں۔


































