
تہران : ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے جنگ کے خاتمے کی تجویز تاحال زیرِ غور ہے۔ تہران امریکی ڈیڈ لائنز کو کوئی اہمیت نہیں دیتا۔ میڈیا سے گفتگو میں ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے پیش کی گئی تجویز کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور حتمی فیصلہ ہونے پر باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے ان خبروں کو بھی مسترد کیا جن میں کہا گیا تھا کہ واشنگٹن نے ایران کو جواب دینے کے لیے کوئی ڈیڈ لائن دی ہے۔ اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ تہران اپنے قومی مفادات کے مطابق فیصلے کرتا ہے اور ایسی ڈیڈ لائنز پر توجہ نہیں دیتا۔ ان کے مطابق ایران اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کو بھیجی گئی تجویز پر جواب آج متوقع ہے۔ اگر ایران کے ساتھ معاملات طے نہ پائے تو پراجیکٹ فریڈم پلس شروع کیا جا سکتا ہے۔


































