
تہران : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اگر امریکہ دشمنی ترک کر دے تو اس سے براہ راست بات چیت ممکن ہے۔ تہران میں اپنی پہلی نیوز کانفرنس میں ایرانی صدر نے کہا کہ ہم امریکہ سے دشمنی نہیں رکھتے، انہیں عملی طور پر اپنی خیر سگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہم سے دشمنی ختم کرنی چاہیے۔ ہم امریکیوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ تہران اپنے میزائل پروگرام سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا، کیونکہ اسے ایک ایسے خطے میں اپنی سلامتی کے لیے ایسی ڈیٹرنس کی ضرورت ہے جہاں اس کا سخت دشمن اسرائیل روزانہ غزہ پر میزائل گرارہاہے۔ پیزشکیان نے کہاکہ اگر ہمارے پاس میزائل نہ ہوں تو وہ جب چاہیں گے، غزہ کی طرح ہم پر بمباری کریں گے۔ انہوں نے تہران کے سرکاری موقف کا اعادہ کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ ایران سے یہی مطالبات کرنے سے پہلے اسرائیل کو غیر مسلح کرے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے غزہ پر جنگ پر اسرائیل کی مذمت کرتے ہوئے یمن کے حوثیوں کو ہائپرسونک بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی بھیجنے کی تردید کی۔


































