
سوات : پاکستان کے سیاحتی مقام سوات میں پولیس نے طالبان کے ٹھکانوں اور مورچوں کو تباہ کر کے علاقہ کلیئر کردیا۔ آئی جی خیبرپختونخوا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سوات میں دہشت گردی کے دوبارہ سر اٹھانے پر عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا اور عام شہری اور سماجی تنظیموں سمیت ہر سیاسی جماعت نے احتجاج کیا۔ عوامی ردعمل کے بعد پہاڑی علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا گیا۔ مٹہ کے اردگرد جنگجوؤں نے عارضی مورچے اور ٹھکانے بنائے ہوئے تھے جن کو مسمار کردیا گیا ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے یہ پہاڑی علاقہ مکمل کنٹرول میں لے لیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے کہاکہ سوات میں تمام پہاڑی چوٹیاں دہشت گردوں سے خالی کرا لی گئی ہیں اور آئندہ دو سے تین ماہ میں سوات کی تمام تر رونقیں دوبارہ بحال ہوں گی۔


































