
نئی دہلی : اہلسنت کی معروف دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے صدر المدرسین مولانا ارشد مدنی نے کہا ہے کہ وہ طالبان کو دہشت گرد نہیں بلکہ ایک انقلابی قوت سمجھتے ہیں۔
بی بی سی ہندی کو دیے گئے انٹرویو میں مولانا ارشد مدنی نے جاوید اختر کے اس تبصرے کو مسترد کیا کہ طالبان لڑکیوں کو تعلیم سے روکتے ہیں۔ ان کے مطابق طالبان صرف مخلوط تعلیم کے خلاف ہیں ۔ جیسا کہ انڈیا میں بھی کئی ادارے صرف لڑکیوں کے لیے مخصوص ہیں۔ مولانا مدنی نے مزید کہا کہ طالبان نے بڑی طاقتوں کو شکست دی ہے، اسی لیے انہیں دہشت گرد کہا جاتا ہے اگر طالبان واقعی دہشت گرد ہوتے تو انڈیا ان سے تعلقات کیوں قائم کرتا؟ انہوں نے انکشاف کیا کہ طالبان ہمیں ماننے والے ہیں، اسی لیے انڈین مسلمانوں میں ان کے لیے نرم گوشہ موجود ہے۔ مولانا مدنی کے مطابق، انڈیا نے طالبان سے تعلقات قائم کر کے دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے۔


































