
مسقط: شام کے صدر بشار الاسد نے عمان کا دورہ کیا اور سلطان حیثم بن طارق السید سے ملاقات کی۔شام میں 6 فروری کو آنے والے مہلک زلزلے کے بعد بشارالاسد کا یہ پہلا بیرونی دورہ ہے۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ سلطان نے زلزلے اور تباہ کاریوں پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ شامی صدر نے عمان کی متوازن پالیسیوں کے لیے سلطان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خطے میں عرب ممالک کے درمیان باہمی احترام اور دوسرے ممالک کے معاملات میں مداخلت کے بغیر تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اب عمان کے کردار کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ دونوں رہنماؤں نے برادرانہ تعلقات اور مشترکہ تعاون کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔


































