
کراچی/لاہور :کراچی سے من گھڑت الزامات کے تحت گرفتار جماران انسٹیٹیوٹ آف قرآنک سائنسز اور درجنوں قرآن وحفظ سینٹرز کے بانی ومؤسس سید وصال حیدر نقوی کی بلاجواز گرفتاری کے خلاف لاہور اور کراچی پریس کلب کے سامنے حافظان قرآن مجید بچوں نے علامتی احتجاجی دھرنے دئے، کراچی میں دھرنے میں حافظان قرآن مجید بچوں کے علاوہ ان کی اساتذہ بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں، جنہوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر وصال حیدر کے حق میں نعرے درج تھے۔مظاہرین سے حجت الاسلام مولانا کاظم نقوی، حجت الاسلام علامہ مختار امامی، حجت الاسلام سید فرحان حیدر،حجت الاسلام مولانا سجاد رضوی، علامہ مبشرحسن، مولانا آصف قمی نے خطاب کیا مقررین نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ بےگناہ وصال حیدر نقوی کو فوری رہا کیا جائے، ان پر عائد کردہ الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں، وصال حیدر نقوی محب وطن شہری ہیں جنہوں نے پاکستان کے پرآشوب معاشرے میں علم کی شمع کو روشن رکھا۔ وصال حیدر کا جرم یہ ہے کہ وہ مکتب اہل بیتؑ کے ذمہ دار شہری ہیں ، انہوں نے ملک بھرمیں مدارس دینیہ اور حفظ قرآن کے درجنوں مراکز قائم کیے۔ انہوں نے پاکستان میں شیعہ بچوں اور بچیوں کے منفرد انداز میں حفظ قرآن کے سینٹرز قائم کیےجن بچوں نے دنیا بھرمیں مکتب تشیع کانام روشن کیا مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ وصال حیدر نقوی کو فوراً رہا کیا جائے۔
ان کے خلاف قائم جھوٹے مقدمات کوختم کیا جائے۔ ان کے خلاف میڈیا ٹرائل اور کردار کشی بند کی جائے۔
ملت جعفریہ کے خمس کے نظام کے خلاف پروپیگنڈا بند کیا جائے۔ سید وصال حیدر نقوی کی بلاجواز گرفتاری کے خلاف لاہور پریس کلب کے سامنے بھی حافظان قرآن مجید بچوں نے علامتی احتجاجی دھرنا دیا۔مظاہرین نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ بےگناہ وصال حیدر نقوی کو فوری رہا کیا جائے، ان پر عائد کردہ الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں، وصال حیدر کا جرم یہ ہے کہ وہ مکتب اہل بیتؑ کے ذمہ دار شہری ہیں.


































