
تہران: ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کی ایران مخالف پابندیوں پر عمل کرنے والے ممالک کو آبنائے ہرمز سے گزرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے کہا ہے کہ تہران اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔ بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے کہا کہ خطے میں استحکام اور بحری سلامتی کو نقصان پہنچانے والی پالیسیوں کے نتائج متعلقہ ممالک کو بھگتنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن خطے میں کشیدگی بڑھانے اور ایران پر دباؤ ڈالنے کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایرانی فوجی ترجمان کے مطابق آبنائے ہرمز ایران کی اسٹریٹجک حدود کا اہم حصہ ہے اور تہران اس علاقے میں اپنی دفاعی موجودگی برقرار رکھے گا۔
ادھر پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ ایرانی آئل ٹینکروں یا تجارتی جہازوں پرحملہ ہوا تو خطے میں امریکی اڈوں اور بحری جہازوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔


































