
خرطوم : سوڈان کے سینکڑوں ٹرک ڈرائیوروں نے مصر جانے والی تجارتی شاہراہ بند کردی۔ سوڈان سے مصر کے لیے برآمدات کا سلسلہ معطل ہوگیا۔اونٹوں اور دیگر مویشیوں کی برآمد بھی متاثر ہوگئی۔ سوڈانی مظاہرین نے فوج سے برہمی کے اظہار کے لیے شاہراہ بند کی ہے۔مظاہرین نے کہا کہ نوجوان مظاہروں، جلسوں، جلوسوں، راستوں کی بندشوں اور شور و ہنگامہ کرکے اپنے خواب پورا کرنا چاہتے ہیں اور اپنے مطالبات منوانے کی کوشش کررہے ہیں۔ مظاہرین سے ہمدردی رکھنے والوں میں تاجر بھی شامل ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ شاہراہ بند کرنے سے انہیں نقصان ہوگا ۔ مصری ڈرائیور سوڈان میں نقل و حمل کے کاروبار پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔ اندرونی پابندیوں کی وجہ سے مویشیوں کی برآمدات معطل ہورہی ہے خصوصاً اونٹ برآمد نہیں کیے جاسکتے جس سے سوڈانی تاجروں کو اچھا خاصا منافع ملتا ہے۔ اس طرح شاہراہ بند کرنے کا اصل نقصان سوڈانی تاجروں کو ہی ہورہا ہے ۔


































