
جنیوا : اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے پیڈرو اروجو-اگوڈو نے کہاہے کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ کو پینے کے پانی کی فراہمی بند کرنا خاموش لیکن مہلک بم گرانے کے مترادف ہے۔ پیڈرو اروجو نے انادولونیوز ایجنسی کے ساتھ انٹرویومیں کہاکہ نسل کشی سے متاثرہ غزہ میں پھنسے ہوئے اکیس لاکھ فلسطینی پانی کے شدید بحران سے گزر رہے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے پانی کا ستر فیصد بنیادی ڈھانچہ تباہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی تک پانی کی رسائی انتہائی محدود ہوچکی ہے یا پھر پانی آلودہ ہوگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا آبی نظام کو جان بوجھ کر تباہ کرنا پانی کو بطور ہتھیاراستعمال کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہاکہ صرف غزہ میں ہی نہیں پانی تمام فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی جنگی اور قبضے کی حکمت عملی کا ایک اہم عنصر ہے۔


































