
بیروت : سربراہ حزب اللہ شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ اسرائیل کا مقصد حزب اللہ کی مزاحمت کو ختم کرنا ہے لیکن وہ ناکام رہا۔ ہم جیت گئے کیونکہ ہماری مزاحمت برقرار اور جاری ہے۔ اسرائیلی دشمن اپنا مقصد حاصل نہیں کر سکا۔ نعیم قاسم نے کہا کہ ہمیں مشرق وسطیٰ کے خلاف انتہائی خطرناک اسرائیلی منصوبے کا سامنا ہے۔ تکفیری گروپ شام کو ایسی جگہ لے جانا چاہتے ہیں جو اسرائیل کی خدمت کرے۔ انہوں نےکہا کہ عرب ریاستیں جان لیں کہ اسرائیل کی ہر جیت آپ کے لیے نقصاندہ ہے۔ جارحیت کے اہداف کو ناکام بنانے میں شام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ شیخ نعیم قاسم نےکہا کہ غزہ میں بے بسی پر امریکہ اور اسرائیل نے شام میں جارحیت کو پروان چڑھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکانات اور تعمیر نو کا اگلا مرحلہ سید نصر اللہ کا وعدہ ہے۔ یہ ایک عہد ہے جسے ہم برقرار رکھیں گے اور اس لیے ہم نے اس مہم کو وعدہ اور عزم کا نام دینا مناسب سمجھا۔ ہم نے مشکل حالات کے باوجود رضاکار کمیٹیوں کے ذریعے خاندانوں کو مادی امداد فراہم کر کے خاندانوں کے دکھ کم کرنے میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ شیخ نعیم قاسم نے عرب ممالک سے تعمیر نو میں مدد کی اپیل کی۔


































