
لندن : برطانوی جریدے دی اکانومسٹ کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کا دیوالیہ ہونا بہت سے غریب ممالک کے دیوالیہ ہونےکی جانب پہلا قدم ہوسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اجناس کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور بلند شرح سود غریب ممالک کی مالیات کومتاثر کرتی ہیں۔غریب ممالک کےکل قرضوں کا تقریباً ایک تہائی سود پر مشتمل ہے۔ مالیاتی مشکلات اور افراط زرکا دباؤ حکومتوں کو ختم کرنے کیساتھ معیشت کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔ پاکستان اور تیونس میں خوراک اور توانائی کی بڑھتی قیمتیں بےامنی کو ہوا دے رہی ہیں۔ امریکا کوبھی اس بار کساد بازاری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اکانومسٹ کے مطابق یورپ کو بھی توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا ہے۔ متعدد درمیانی آمدنی والے ممالک کو مختلف بحرانوں کا سامنا ہے۔چین میں کورونا کے باعث لاک ڈاؤن ہے۔ ارجنٹائن غیر مستحکم قرضوں کے بوجھ تلے لڑکھڑا رہا ہے۔غریب ممالک کو ہنگامی امداد فراہم کرنا پہلے سے کہیں زیادہ مشکل ہوگیا ہے۔ جیو پولیٹیکل تنازع غریب دنیا کے معاشی مسائل کو مزید بدتر اور حل کرنا مشکل بنا رہا ہے۔


































