
لندن: برطانیہ میں آکسفورڈ اور امپیریل کالج لندن سمیت بارہ جامعات میں فلسطینی حامی طلبہ اور اساتذہ کی جاسوسی کا اسکینڈل سامنے آگیا۔ الجزیرہ انگلش اور لبرٹی انویسٹی گیٹس کی مشترکہ تحقیق کے مطابق اس بات کے ثبوت ہیں کہ جامعات نے انٹیلی جنس فرم ہورس سیکیورٹی سے فلسطینی حامی طلبہ اور ماہرینِ تعلیم کی خفیہ نگرانی کروائی۔ دو ہزار بائیس سے اب تک کمپنی کو کم از کم چار لاکھ چالیس ہزار پاؤنڈ دئے گئے تاکہ کیمپس میں احتجاجی سرگرمیوں کی نگرانی کی جاسکے۔ دستاویزات کے مطابق جن افراد کی نگرانی کی گئی ان میں ایک فلسطینی ماہر تعلیم بھی شامل تھے جنہیں مانچسٹر میٹرو پولیٹن یونیورسٹی میں لیکچر کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ جامعات میں یونیورسٹی کالج لندن، کنگز کالج لندن، یونیورسٹی آف شیفیلڈ، یونیورسٹی آف لیسٹر، یونیورسٹی آف ناٹنگھم اور کارڈف میٹروپولیٹن یونیورسٹی بھی شامل ہیں۔


































