
علی جواد، کراچی
دوستو! آپ نے کبھی دوسروں کے لیے سیب کاٹے ھیں ؟کچھ لوگ سیب سادہ طریقے سے کاٹ کر سامنے رکھ دیتے ھیں ، کچھ لوگ سیب کاٹنے کے دوران ان کے بیج والے حصے کو بھی علیحدہ کر دیتے ہیں۔اس بیج کو علیحدہ کرنے میں کچھ سیکنڈ زیادہ لگتے ھیں لیکن کھانے والے کو اطمینان ملتا ہے اور وہ زیادہ مزے سے سیب کھا لیتا ہے۔اسی کو نفاست کہتے ہیں۔
آپ نے کبھی ھاف فرائی انڈہ بنایا ھے ؟کچھ لوگ ھاف فرائی انڈہ عام طریقہ سے بناتے ہیں جبکہ ھاف فرائی انڈہ بنانے کے لیے آگ نسبتاً کم رکھی جاتی ہے ( تاکہ زردی کچی رھے ) لیکن سفیدی پوری طرح پَک جائے ، ھاف فرائی انڈے کو پلٹایا بھی نہیں جاتا صرف ڈھکن کے زریعے دَم دیا جاتا ھے اور آئل ، مکھن وغیرہ کم استعمال کیا جاتا ہے ، ایسے طریقہ سے بہت کم لوگ انڈہ بناتے ہیں ، اصلی طریقے اور روایتی طریقہ میں صرف تکنیک کا فرق ھے اور ھو سکتا ھے کہ کچھ سیکنڈ زیادہ لگ جائیں۔اسی کو نفاست کہتے ہیں۔میرے کام میں اسٹین لیس اسٹیل کے پائپ استعمال ہوتے ہیں ، یہ بیس فٹ لمبے ھوتے ہیں جن کو کاٹنا پڑتا ھے ، میں اس کو مزدوری پر باہر سے ھی کٹواتا ھوں ، ایک بندے سے میں نے مشین سے پائپ کٹوائے ، اس نے مزدوری طے ھونے کے بعد پائپ کاٹنے شروع کیے لیکن اس میں دو مسئلے آ رھے تھے ، ایک تو پائپ کے سائز میں معمولی فرق آ رہا تھا اور دوسرا پائپ کے کاٹنے کے بعد اس کے کناروں پر اسٹیل کی باریک بُر آگئی تھی جس کی وجہ سے ہاتھ زخمی ھونے کا شدید اندیشہ رھتا ھے اور اس کاریگر نے اس کو صاف نہیں کیا اگلی دفعہ ایک اور کاریگر سے اتنی ھی مزدوری پر کام کروایا ، اس نے اطمینان سے پچھلے والے کاریگر سے کچھ زیادہ وقت لگا کر پائپ کاٹا ( ایک پائپ میں تقریباً بیس سیکنڈ زیادہ لگائے ) اور کاٹنے کے بعد اس پائپ کے کناروں کو اطمینان سے ڈسک کے ساتھ ھی رگڑ دیا تاکہ بُر ختم ھو جائے۔
میں پہلے والے کے پاس دوبارہ کبھی نہیں گیا بلکہ اب دوسرے والے سے ہی اپنا کام کرواتا ہوں۔اسی کو نفاست کہتے ہیں۔
پیارے بچو! کام میں نفاست صرف اس وقت آتی ھے جب آپ اپنے کام سے مخلص ھوں گے اور شوق سے کریں گے۔پیارے بچوں کیا آپ کو معلوم ہے کہ پوری دنیا میں سب سے نفیس اور اچھا کام کرنے والی قوم جاپان کی ھے ، جس چیز پر میڈ ان جاپان لکھا ھو گا وہ کبھی گھٹیا نہیں ھو سکتی ، ایک ہی چیز کے ریٹ مختلف ھو سکتے ہیں ، ان کے معیار میں فرق ہو سکتا ہے لیکن پھر بھی ادھر کی سب سے ھلکی کمپنی بھی گھٹیا چیز نہیں بناتی۔اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ لوگ اپنے کام سے مخلص ہیں ، اپنے گاھک سے مخلص ہیں کیا ھم اپنے کام سے مخلص ھیں ؟؟؟؟؟؟یہ بات ھمیں شروع سے ہی سکھائی جانی چاہیے ، ھماری تربیت کا حصہ ہونی چاہیے ، ھمارے گھروں ، اسکولوں میں اس کو سکھانے کا رواج ہو تاکہ ہم اپنے کام سے مخلص ہو جائیں ، ترقی یافتہ ممالک کی کامیابی کا یہی راز ھے !دوستوں، اگر آپ یہ پڑھ رہے ہیں تو پہلے اپنی ذات سے اس کو شروع کریں اور دوسرا جو بھی بندہ ملے اس کو بھی یہ سمجھائیں کہ کم از کم ہم اپنے کام سے مخلص ہو جائیں۔


































