
شیعہ وسنی قائدین کا شہداکو بھرپور خراج عقیدت، امریکا عالم اسلام کا اولین دشمن ہے اس سے خیر کی امید رکھنا خود کو دھوکے میں رکھنے کے مترادف ہے، علامہ راجہ ناصر عباس
قاسم سلیمانی کا نام قیامت تک زندہ رہے گا،صاحبزادہ حامد رضا،قاسم سلیمانی نے امریکی لے پالک دہشت گرد تنظیم داعش کوشکست دی،علامہ ناظر تقوی اور دیگر کا خطاب
کراچی/اسلام آباد(نیوز ڈیسک) قاسم سلیمانی،ابومہدی المہندس ودیگر شہدائے مدافعان حرم کا چہلم کراچی اور اسلام آباد میں بھرپور طریقے سے منایا گیا، دونوں شہروں میں چہلم کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے جس میں سنی وشیعہ شخصیات نے شہداکو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا، نشتر پارک کراچی میں اجتماع سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امریکا عالم اسلام کا اولین دشمن ہے اس سے خیر کی امید رکھنااپنے آپ کو دھوکے میں رکھنے کے مترادف ہے،احسان فراموشی اور پیٹھ میں چھرا گھونپنااس کی پرانی روایت ہے، مسلمان حکمرانوں کی بقا اور امت مسلمہ کے تحفظ امریکا سے دوری کے سوا کوئی دوسرا حل نہیں،شیعہ علماء کونسل کے صوبائی صدر علامہ ناظرعباس تقوی نے کہا کہ قاسم سلیمانی نے امریکا کی لے پالک دہشت گرد تنظیم داعش کوشکست دی،انہیں شہید کرکے امریکا نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ عالمی امن کا بدترین دشمن ہے،مرکزی صدرآئی ایس او پاکستان عارف حسین الجانی نے کہاکہ امریکا نے داعش کو تقویت دینے کے لیے قاسم سلیمانی کو شہید کروایا، رہبر معظم کی آنکھ سے نکلنے والے ایک ایک آنسو کابدلہ لیاجائے گا،، انہوں نے کہاکہ ریاستی ادارے ہمارے بے گناہ لاپتہ افراد کو فوری بازیاب کروائیں، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامدرضا نے کہاقاسم سلیمانی کا نام قیامت تک زندہ رہے گا قاسم سلیمانی کا فلسفہ تکفیر کے خلاف جذبہ جہاد کو جاری رکھنا تھا جو تاقیامت جاری رہے گا،جنت البقیع اور مقدسات کی مسماری اس امر کی دلیل ہے کہ حرمین کو کسی اور سے خطرہ نہیں بلکہ اس کو اپنے حکمرانوں سے خطرہ ہے،اجتماع میں امامیہ اسٹوڈنٹس آگنائزیشن، مجلس وحدت مسلمین،شیعہ علما کونسل،ہیت آئمہ مساجد،ذاکرین امامیہ،جعفریہ الائنس،مرکزی تنظیم عزا،مرکزی تنظیم عزاداری کے قائدین، علما کرام، سیاسی و صحافتی شخصیات سمیت ہزاروں کی تعداد میں مرو و خواتین،بزرگوں اور بچوں نے شرکت کی،مولانا مرزا یوسف حسین کی اقتدا میں نماز مغرب کے بعد مجلس عزا سے علامہ ناظر تقوی نے خطاب کیا،جبکہ معروف نوحہ خواں عرفان حیدر نے نوحہ خوانی کے فرائض انجام دیئے، ادھر اسلام آبا د میں بھی عظیم الشان اجتماع ہوا،جس سے خطاب میں علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ امریکا نے مشرق وسطی میں دہشت گرد گروہوں کی راہ کی رکاوٹ دور کرنے کیلئے قاسم سلیمانی کی شہادت کی شکل میں امت مسلمہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا،استعماری قوتیں اس حقیقت کو ذہن نشین کر لیں کہ حکمران چاہے امریکاکے اطاعت گزار بن جائیں قوم کے ہر بچے کی زبان پر امریکہ اسرائیل مردہ اور مقاومت زندباد کی صدا ہمیشہ بلند رہے گی،انہوں نے کہا ہماری خارجہ پالیسی تو نہ عوامی خواہشات کے تابع ہے اور نہ ہی ایک باوقار ریاست کے شایان شان ہے۔یہ امریکی ڈکٹیشن پر چل رہی ہے،ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ مقاومتی بلاک عالمی امن کی ضمانت اور امریکی بلاک پوری دنیا کی تباہی کی علامت ہے، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی،آغا علی رضوی، علامہ اقبال بہشتی، علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ وحید کاظمی اوراہل سنت عالم دین علامہ حیدر علوی، علامہ محسن علی نے بھی خطاب کیا۔


































