
بیجنگ: چین میں افغان ہمسایہ ممالک کی تیسری کانفرنس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی۔ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کو انتہائی مثبت و مفید قرار دیا اور کہا کہ ملاقات کے دوران میں نے ایرانی وزیر خارجہ کو اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کے 48 ویں اجلاس سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا اور ہم نے ایران و پاکستان کے باہمی تعلقات کی توسیع پر گفتگو کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ میں نے ایرانی ہم منصب کے ساتھ اتفاق کیا ہے کہ ایران و پاکستان کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے آئندہ اجلاس کو جلد از جلد بلایا جائے گا، کہا کہ ہم نے اس ملاقات میں باہمی تعلقات اور اقتصادی امور کی توسیع پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے حسین امیر عبداللہیان کو افغانستان کے حالات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بھارت کی جانب سے پاکستانی سرزمین پر فائر کئے گئے میزائل کے بارے میں بھی انہیں تفصیلات سے آگاہ کیا اور اعلان کیا کہ پاکستان کے نزدیک یہ اقدام انتہائی سنجیدہ اور اہم ہے جسے ہم نے حتی سلامتی کونسل میں بھی اٹھایا ہے۔


































