
تل ابیب: اسرائیلی فوج کے کمانڈر نے مقبوضہ مغربی کنارے میں غیرقانونی صیہونی آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد کو خطرناک قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ صورتحال تباہی پر ختم ہو سکتی ہے۔ اسرائیلی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ اوی بلوٹ نے کہاہےکہ مقبوضہ مغربی کنارہ میں غیرقانونی صیہونی آبادکاروں کا تشدد تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ صیہونی آبادکاروں کے حملے جانوں اور سیکیورٹی دونوں کے لیے سنگین خطرہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے آبادکار رہنماؤں سے ملاقات میں ان حملوں کو غیر قانونی اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ یہ صورتحال سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔ انسانی حقوق کی اسرائیلی تنظیم بیت سلم نے کہا ہےکہ حالیہ ہفتوں میں تشدد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس میں قتل، آتش زنی اور املاک کی تباہی کے واقعات شامل ہیں۔ فلسطینیوں کی ہلاکتیں اتفاقی نہیں بلکہ فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کی ایک منظم مہم کا حصہ ہیں۔


































